پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی توسیع کردی

پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی ایئرلائنز پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی کو 23 اگست تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں اور ایئرلائنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نئے نوٹم کے مطابق، یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ پابندی مخصوص فضائی راستوں اور پروازوں پر لاگو ہو گی جن کی تفصیلات متعلقہ ایئرلائنز کو فراہم کی جا چکی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں 23 اپریل سے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ فیصلے بھی حالات کے مطابق کیے جائیں گے۔
