پاکستان کی شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے لیے برطانیہ کو باضابطہ درخواست

حکومتِ پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کی باضابطہ درخواست کر دی ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات میں پاک–برطانیہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے لیے حکومتِ پاکستان کی جانب سے تیار کردہ دستاویزات برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کیے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دونوں افراد پاکستان میں مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں، اس لیے انہیں جلد از جلد پاکستان کے حوالے کیا جائے۔
وزیرِ داخلہ نے پروپیگنڈا کرنے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف فراہم کیے گئے شواہد سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے، تاہم فیک نیوز ہر ملک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے۔
