پاکستان نے بھارت کاپاک فوج سےمتعلق بیان بےبنیاد قرار دیدیا

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جےشنکر کے پاکستانی افواج سے متعلق بیان کو بے بنیاد اور اشتعال انگیزقرار دیتےہوئےمسترد کر دیا۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت کے زیادہ تر مسائل کی وجہ پاکستان کی مسلح افواج ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دے دیا۔پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے، پاکستان کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں، یہ ادارے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

دفترخارجہ نے کہا کہ مئی 2025 میں پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ذمہ داری سے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا، کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا، بھارتی قیادت کی پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنےکی کوششیں مذموم پروپیگنڈا مہم ہیں۔

طاہر حسن اندرابی کا کہنا تھا بھارت کی اس مہم کا مقصد بھارت کے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے توجہ ہٹانا ہے، بھارت پاکستان میں اس کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، اس طرح کےاشتعال انگیز بیانات عکاسی کرتے ہیں کہ بھارت کو خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کی پروا نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی مسلح افواج پر بےبنیاد تبصرے کے بجائے فاشسٹ اور انتہاپسندانہ ہندوتوا نظریے کی تحقیقات کرنی چاہئیں، ہندوتوا نظریے نے بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، ماورائے عدالت کارروائیوں کو جنم دیا اور بھارت میں عبادت گاہوں و املاک کی مسماری کو جنم دیا۔

Back to top button