پاکستان معاشی بحران سے نکل چکا : وزیرِاعظم

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو اطمینان ہے کہ پاکستان معاشی بحران کے مرحلے سے نکل چکا ہے اور اب معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔

نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ اصلاحات کا مطالبہ عوام اور کاروباری طبقے کی کئی دہائیوں پر محیط خواہش تھی۔ سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور تاجر برادری کو پیچیدہ قوانین، غیر ضروری ضوابط اور طویل طریقۂ کار کے باعث شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کی معیشت نہایت نازک صورتحال میں تھی اور پاکستان عملی طور پر مالی دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑا تھا۔ ان کے مطابق مہنگائی بے قابو تھی اور بلند پالیسی ریٹ نے معاشی سرگرمیوں کو شدید متاثر کر رکھا تھا۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار تھیں، تاہم حکومت نے حوصلہ نہیں ہارا اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے معاشی چیلنجز کا سامنا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دی ہے، جبکہ معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔

وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت انہیں فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر کے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔

Back to top button