پاکستان میں سولر پینل کی قیمت 50 فیصد کم ہو گئی؟

پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے باعث نہ صرف شہریوں کا بجٹ متاثر ہوا ہے بلکہ ان کے لیے اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ان حالات میں سولر پینلز ہی ایسا واحد متبادل ہیں جن سے حاصل ہونے والی قابلِ تجدید توانائی نہ صرف کم قیمت ہے بلکہ ان کے استعمال سے شہریوں کی مشکلات میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے ۔
دوسری جانب تین ماہ قبل آسمان سے باتیں کرتی سولر پینل کی قیمتوں میں اب نمایاں کمی آئی ہے اور مارکیٹ میں دستیاب سولر پینلز کی مختلف اقسام کی قیمتوں میں اوسطاً 50 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ مخلتف شہروں میں 600 واٹ سولر پینل پلیٹ کی قیمت 50 ہزار روپے سے کم ہو کر 30 ہزار روپے ہو گئی ہے جبکہ 150 واٹ کی سولر پینل پلیٹس جو 20 ہزار روپے تک دستیاب تھیں اب ان کی قیمت کم ہو کر 10 ہزار روپے تک ہو گئی ہے۔ قیمتوں میں اس کمی کے باعث دکاندار اور شہری دونوں مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔
سولر پینل کے کاروبار سے منسلک افراد اور توانائی امور کے ماہرین قیمتوں میں کمی کو مقامی اور بین الاقوامی عوامل سے جوڑ رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق ’ڈالر کی قیمت میں کمی اور درآمدی مال کی دستیابی کے بعد سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔‘انہوں نےبتایا کہ ’پاکستان میں سولر پینل امپورٹ کیے جاتے ہیں جس کے باعث جب ڈالر 300 روپے سے اوپر گیا تو سولر پینل کی قیمتیں بھی بڑھیں اب جبکہ ڈالر 270 سے 280 روپے کے درمیان ہے تو سولر پینل کی قیمتیں بھی اُسی حساب سے کم ہوئی ہیں۔
دوسری جانب بعض ماہرین کے مطابق موسم سرما کے دوران پاکستان میں بجلی کی کھپت میں نمایاں کمی آتی ہے۔ لوگ سردیوں کے مقابلے میں گرمیوں میں سولر پینل کی ضرورت زیادہ محسوس کرتے ہیں۔ابھی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے فرق سے بھی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔
دوسری جانب سولر پینل کے کاروبار سے منسلک افراد سمجھتے ہیں کہ ایک بار خریدا گیا سولر پینل سسٹم 25 سال یا اس سے زیادہ عرصے تک چل سکتا ہے تاہم، مختلف عوامل سولر پینلز کی پائیداری کو متاثر کر سکتے ہیں۔ بیرونی حالات اور دیکھ بھال کے طریقے سولر پینل کی عمر کو بڑھانے اور گھٹانے کا سبب بنتے آ رہے ہیں۔مناسب دیکھ بھال اور باقاعدگی سے صفائی سولر پینلز کی عمر بڑھانے میں مدد کر سکتی ہے۔ سولر پینلز کو برقرار رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ انہیں صاف اور دھول اور ملبے سے پاک رکھنا ہے۔
ماہرین کے مطابق سولر پینل کی صفائی کے لیے نرم برش یا کپڑے کا استعمال کرتے ہوئے گندگی صاف کی جاسکتی ہے جو پینل کی سطح پر جمع ہو سکتی ہے۔ ماہرین سمجھتے ہیں کہ مناسب دیکھ بھال اور باقاعدگی سے صفائی کے ذریعے سولر پینلز کی کارکردگی بڑھائی جا سکتی ہے۔
