پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

 

 

 

 

پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلیے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی ایک تقریب منعقد ہوئی،جس میں انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔

 

انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کے دورے کے موقع پر پاکستان اور انڈونیشیا نے تجارت، صحت، ثقافت، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے انڈونیشیا کو میڈیکل آفیسرز، ڈاکٹرز اور ماہرین بھیجنے پر اتفاق کیا۔پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

 

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر سوبیانتو کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہاکہ انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتےہیں اور یہ کسی بھی انڈونیشی صدر کا پاکستان کا 7 سال بعد پہلا دورہ ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر انڈونیشیا سوبیانتو کو مدبر رہنما قرار دیتے ہوئے باہمی تجارت میں توازن،مثبت اور تعمیری بات چیت اور دونوں ممالک کے 75 سالہ تاریخی تعلقات کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور انڈونیشیا کی حکومت و عوام نے 1965 کی جنگ میں پاکستان کےساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

 

انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو نے اپنی تقریر میں پاکستان میں شاندار میزبانی اور استقبال پر شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ پاکستان کی فضائی حدود میں جے ایف 17 طیاروں کی سلامی ان کےلیے اعزاز ہے۔

صدر پرابووو سوبیانتو نے کہاکہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں کا تبادلہ کیا۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے صحت کےشعبے میں تعاون پر شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ تعلیم،تجارت، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

صدر انڈونیشیا سوبیانتو نے اس بات پر بھی زور دیاکہ غزہ کے معاملے پر دونوں ممالک نے مشترکہ موقف اپنایا ہے،جو خطے میں امن اور استحکام کےلیے اہم ہے۔

 

 

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچےجہاں آج وزیراعظم ہاؤس آمد پر ان کےلیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر انڈونیشیا کےصدر کوگارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔

 

 

Back to top button