پاکستان کی امریکا اور ایران کو اسلام آباد میں 10 اپریل کو مذاکرات کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے وفود کو مذاکرات کےلیے جمعہ 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی ہے۔
پاکستان کی کوششوں سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر حملے روکنے کے اعلان کےبعد وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بےحد خوشی ہورہی ہےکہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ہمراہ،لبنان اور دیگر تمام مقامات سمیت ہرجگہ فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے،جو فوری طور پر نافذ العمل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ’میں اس دانشمندانہ فیصلے کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتاہوں اور دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ان کی مذاکراتی ٹیموں کو دعوت دیتاہوں کہ وہ جمعہ، 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد آئیں تاکہ تمام تنازعات کے حتمی حل کےلیے مزید مذاکرات کیے جاسکیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’دونوں فریقوں نے غیرمعمولی بصیرت اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا ہے۔امن و استحکام کے مقصد کو آگے بڑھانے میں تعمیری طور پر مصروف رہے ہیں،امید کرتے ہیں کہ ’اسلام آباد مذاکرات‘ پائیدار امن کے قیام میں کامیاب ہوں گے اور ہم آنےوالے دنوں میں مزید خوش خبریاں شیئر کرنا چاہتے ہیں۔
