پاکستان خوددہشتگردی کاشکارہے،بلاول بھٹوکابھارتی میڈیا کوکرارہ جواب

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکاکہناہےکہ پہلگام واقعہ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں،پاکستان خوددہشت گردی کاشکارہے۔

سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو کا بھارتی ٹی وی کوانٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی اندرونی جنگ لڑ رہا ہے اور ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، جنگ کے نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کسی بھی گروہ کو، چاہے ملک کے اندر ہو یا باہر، دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ چند دہائیوں میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بھاری قیمت چکائی ہے، اور صرف پچھلے برس 200 سے زائد حملوں میں 1200 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کا مسئلہ افغانستان میں پیدا ہونے والے حالات کا تسلسل ہے، جہاں القاعدہ جیسے گروہوں نے جنم لیا اور ان کی جڑیں افغان جہاد سے جاملتی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور عسکری کارروائیاں کیں، نیشنل ایکشن پلان نافذ کیا، شدت پسند گروہوں پر پابندیاں لگائیں اور انسداد دہشت گردی کے تحت سینکڑوں مقدمات درج کیے۔

پہلگام حملے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم پاکستان نے واقعے کی غیر جانبدار عالمی تحقیقات کی پیشکش کی تھی لیکن بھارتی حکومت نے اسے مسترد کر دیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف بین الاقوامی برادری بلکہ اپنے عوام کو بھی گمراہ کیا، اور آج تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ ممبئی حملے سے متعلق بھی مقدمہ پاکستان میں زیر التوا ہے، لیکن بھارتی حکومت گواہ پیش کرنے سے انکاری ہے، جس سے کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کے اقدامات کو سراہنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان بدل چکا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہترین شراکت دار ہے، جیسا کہ حال ہی میں ایک امریکی جنرل نے کانگریس کے سامنے کہا۔

Back to top button