پاکستان کا ورلڈ کپ کا فاتحانہ آغاز: نیدر لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے T20 ورلڈ کپ 2026 کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں نیدر لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2026 کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے اور افتتاحی میچ میں فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، لیکن 27 رنز کے مجموعے پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس دوران انہوں نے 4 چوکے اور ایک چھکا مارا۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوئے اور دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ اگلے اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کیا۔

محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے دھواں دھار 29 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کیا۔

اس سے قبل نیدرلینڈز کی ٹیم کی اننگز کا آغاز مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے کیا، جنہوں نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے میکس اوڈووڈ تھے، جو سلمان مرزا کی گیند پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مائیکل لیوٹ تھے، جو محمد نواز کی گیند پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے آؤٹ کولن ایکرمین تھے، جنہوں نے 20 رنز بنائے، جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی، جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی صائم ایوب کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ وین ڈر مرفی آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

آخری اوور میں سلمان مرزا نے مزید 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یوں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ ٹیم 160–170 رنز تک پہنچ جائے گی، لیکن پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب، محمد ابرار اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ باس ڈی لیڈ 30، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے

اس سے قبل کولمبو میں جاری میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ سری لنکا میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کی پچ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں تین فاسٹ بولرز شامل ہیں اور کوشش ہوگی کہ طے شدہ حکمتِ عملی پر مؤثر انداز میں عمل کیا جائے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ ایونٹ کے پہلے دن تین میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس سیشن کیا تھا، تاہم میچ کے دوران بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے باعث ٹاس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

آج کے دیگر میچز میں ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ بھارت کی ٹیم امریکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

Back to top button