پاکستان  ٹی20ورلڈکپ سےدستبردارہواتوپابندیاں لگ سکتی ہیں،بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر پاکستان نے بنگلہ دیش کی حمایت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تو اس کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  سنگین کارروائی کر سکتا ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت کی سرزمین پر کھیلنے سے انکار کرنے والی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو پہلے ہی عالمی کپ سے خارج کرکے اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کومیگا ایونٹ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین محسن نقوی کے حالیہ تبصروں سے ناخوش ہے جنہوں نے بنگلہ دیشی موقف کی کھل کر حمایت کی۔ آئی سی سی بورڈ کے حالیہ اجلاس میں پاکستان بنگلہ دیش کے حق میں ووٹ دینے والا واحد رکن ملک تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ آئی سی سی پہلے ہی پاکستان کے موقف کا نوٹس لے چکا ہے اور پاکستان پر سخت پابندیاں عائد کر سکتا ہے جس میں اس کی تمام دو طرفہ سیریز کی معطلی، پاکستان سپر لیگ کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ  دینے سے انکار اور ایشیا کپ سے اخراج شامل ہے۔

Back to top button