پاکستان کی ترکیہ کی کمپنیوں کو3بجلی گھر خریدنے کی پیش کش

وزیرتوانائی اویس لغاری کاکہنا ہے کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری میں  تجربہ کارعالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہش مند ہے۔ترک کمپنیوں کو ملک کے تین بجلی گھر خریدنے کی پیشکش کرتے ہیں۔

یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی جب وزیر توانائی اویس لغاری اور ترک ہم منصب الپرسلان بیرکتار سے ملاقات ہوئی۔ جس میں توانائی کے شعبے اور بالخصوص ڈسکوز کی نجکاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر توانائی نے ترک ہم منصب کو پاورسیکٹر کے اداروں میں جاری اصلاحات اور سرمایہ کاری کےمواقع پر بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت پہلے مرحلے میں تین بجلی کمپنیوں کی نجکاری کرنے جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری میں  تجربہ کارعالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہش مند ہے، وسیع تجربے کی حامل ترک کمپنیوں کی شمولیت بہت اہم ہوگی۔

وزیر توانائِی نے پاکستانی ماہرین کو ترک پاورسیکٹر کے مشاہدے کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کے لیے اظہاردلچسپی جلدجاری کئے جائیں گے۔

اویس لغاری نے نجکاری کے عمل میں دونوں ممالک کے اداروں اور ماہرین کی قریبی مشاورت پر زوردیا۔

ترجمان وزارت توانائی کے مطابق وزیر توانائی نے خصوصی طور پر ترکی کے نافذ کردہ رعایتی ماڈل کا حوالہ دیا اور انسانی وسائل کی بہتری کیلیے ترکیہ کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

اویس لغاری نے کہا کہ پاور ڈویژن ایک مربوط توانائی منصوبے پر کام کررہاہے، پاکستان ترکی سے اس منصوبے کی تیاری میں معاونت کا خواہشمند ہے۔

Back to top button