بھارت نہ جانے کا معاملہ، PCB نے بنگلا دیش کے میچز کی میزبانی کی پیشکش کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بنگلا دیش ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے میچز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق اگر سری لنکا کے وینیوز دستیاب نہ ہوئے تو پاکستان اپنے وینیوز پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ویمن کوالیفائر کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں، اس لیے ورلڈ کپ کے میچز بھی باآسانی کرائے جا سکتے ہیں۔

پی سی بی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کے تمام وینیوز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں ٹیم کی سکیورٹی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تاہم بنگلا دیش کے میچز کسی اور ملک منتقل کیے جائیں گے یا نہیں، اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔

Back to top button