جلسہ ہر صورت مقررہ وقت اور مقام پر ہوگا، اب آپ بھی ایک دن برداشت کریں: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آج وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے کا آخری دن ہے، اس لیے سندھ حکومت کسی قسم کی بدمزگی پیدا نہ کرے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی واپسی طے ہے، لہٰذا سندھ حکومت آخری دن ماحول خراب کرنے سے گریز کرے اور مثبت فضا کو برقرار رہنے دے۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ مقررہ وقت اور مقام پر قانون کے مطابق اور جمہوری انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ کسی کے خلاف نہیں بلکہ اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم نے بہت برداشت کیا ہے، سندھ حکومت بھی ایک دن صبر کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کے نمائندے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مایوس نہ کریں۔

واضح رہے کہ کراچی کے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو آج باغ جناح میں جلسے کی اجازت دے دی ہے، تاہم اس کے باوجود پی ٹی آئی نے مزار قائد کے گیٹ پر جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

Back to top button