پاکستان انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے سنسنی خیز سیمی فائنل میں ملائیشیا کو شکست دے کر انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
یہ میچ چین کے شہر ڈازھو میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پہلے آٹھ منٹ میں دو شاندار گول کیے گئےپہلا گول پنالٹی کارنر پر عبداللہ نے کیا، جبکہ دوسرا گول شہباز حسن نے اسکور کرکے پاکستان کی برتری کو دو گنا کر دیا۔
تاہم ملائیشیا نے زبردست واپسی کی اور لگاتار تین گول کرکے پاکستان کے خلاف 3-2 کی برتری حاصل کرلی۔ یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی، کیونکہ شہباز حسن نے ایک اور گول داغ کر مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک اسکور برابر رہا۔
میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ ابتدائی تین شوٹس میں پاکستان نے تمام گول کیے جبکہ ملائیشیا نے ایک شوٹ ضائع کر دی، جس سے پاکستان کو 3-2 کی سبقت مل گئی۔ پاکستان کا چوتھا شوٹ ضائع ہوا تو مقابلہ ایک بار پھر برابر ہو گیا۔
پانچویں اور فیصلہ کن شوٹ آؤٹ پر حنظلہ علی نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، اور پھر گول کیپر غلام مصطفیٰ نے شاندار دفاع کرتے ہوئے ملائیشیا کا آخری شوٹ روک لیا، جس سے پاکستان نے فتح حاصل کر لی۔
پاکستان اب فائنل میں اتوار کو جاپان کا سامنا کرے گا۔
