حماس کو غیر مسلح کرنا سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہےپاکستان کی نہیں ، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ کے لیے مجوزہ امن فورس میں فوج بھیجنے کے لیے تیار ہے ، تاہم اس سے قبل فورس کے ٹی او آرز، مینڈیٹ اور کردار کو جامع طور پر طے کرنا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کو غیر مسلح کرنے کا معاملہ فلسطینی سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے، اور پاکستان اس میں شامل ہونے پر تیار نہیں۔ ان کے مطابق حماس کو ڈی ملٹرائز کرنے کے حوالے سے انڈونیشیا نے بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس میں پاکستانی دستوں کی شمولیت اسی صورت ممکن ہے جب اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سے مشاورت کے بعد فورس بھیجنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی درخواست پر آج افغان عوام کے لیے خوراک سمیت انسانی امداد بھیجنے کا فیصلہ بھی کر لیا جائے گا۔
