پاکستان نےآپریشن سندور پربھارت کااشتعال انگیز دعویٰ مسترد کردیا

پاکستان نے آپریشن سندور سے متعلق بھارتی حکومت کے اشتعال انگیز دعوے اور الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں آپریشن سندور سے متعلق بھارتی حکام کے بیانات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ یہ بیانات نہ صرف حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں بلکہ بھارتی جارحیت کو جواز دینے کا ہتھکنڈہ بھی ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پہلگام حملے کی مکمل تحقیقات سے قبل ہی بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب معصوم شہری شہید ہوئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارت اپنے اسٹریٹیجک مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا، جبکہ پاکستان نے بھارتی طیاروں اور اہداف کو مؤثر جواب دے کر کامیابی حاصل کی۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام کو چاہیے کہ وہ اپنے نقصانات کو تسلیم کریں اور کسی تیسرے فریق کے کردار کو قبول کریں۔ پاکستان نے شفاف اور آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی جسے بھارت نے مسترد کر دیا۔
بھارت نے یکطرفہ جارحیت کا راستہ اپنایا اور خود ہی جج، جیوری اور ایگزیکیوشنر بن بیٹھا، تاہم مئی 2025 میں پاکستان نے بھارتی حملے کا دنداں شکن جواب دیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کا آپریشن مہادیو سے متعلق دعویٰ بھی بے بنیاد ہے اور پاکستان کے نزدیک کسی قسم کی اہمیت نہیں رکھتا۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا بیان بھی جھوٹ اور فرضی کہانیوں پر مبنی ہے۔ ترجمان کے مطابق، جن افراد کو پہلگام حملے کے مبینہ ملزم قرار دیا جا رہا ہے، وہ تو لوک سبھا بحث شروع ہونے سے پہلے ہی مارے جا چکے تھے۔
پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا کہ غلط بیانی، پروپیگنڈا اور جارحیت کے بجائے حقائق اور مذاکرات کی راہ اختیار کی جائے۔
