پاکستان روس کے مابین اہم مفاہمتی یادداشتوں اور پروٹوکول پر دستخط

پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، اقتصادیات، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے لیے قائم ایم او یوز اور پروٹوکول پر دستخط ہوئے۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف کی مشترکہ صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر 10ویں آئی سی جی کا سرکاری پروٹوکول اور 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں اے پی پی اور روس کی اسپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان میڈیا تعاون کا معاہدہ، پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور روسی فیڈرل ایجنسی فار ٹیکنیکل ریگولیشن کے درمیان معیار، میٹرولوجی اور سرٹیفکیشن میں تعاون کا معاہدہ اور
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان اور روسی فیڈرل اینٹی مونولوپولی سروس کے درمیان مسابقتی قوانین اور مہارت کے تبادلے سے متعلق ایم او یو شامل تھے۔
فریقین نے پاکستان اور روس کے درمیان متنوع اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں دو طرفہ تجارت کے فروغ، برآمدات میں تنوع، بزنس ٹو بزنس روابط اور تجارتی میلوں کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
پاکستانی مصنوعات جن میں ٹیکسٹائل، اسپورٹس گڈز، آئی ٹی سروسز، انجینئرنگ آئٹمز اور زرعی اجناس شامل ہیں کے لیے مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر زور دیا گیا۔
