فلسطینیوں کیلئےپاکستان نےامدادی سامان روانہ کردیا

 پاکستان نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں فلسطینی عوام کے لیے امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید امداد روانہ کردی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ 17ویں امدادی کھیپ ہے، جس میں تیار شدہ کھانا، ادویات اور بچوں کے لیے غذائی اشیاء شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق روانہ کی گئی امداد میں 65 ٹن تیار شدہ کھانا، 20 ٹن بچوں کا خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹس اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔

  ترجمان نے مزید بتایا کہ آنے والے چند دنوں میں مزید 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل پرواز بھی غزہ کے لیے روانہ کی جائے گی، جس کے بعد مجموعی امداد 1,815 ٹن تک پہنچ جائے گی۔

اب تک این ڈی ایم اے کے تحت 17 پروازوں کے ذریعے 1,715 ٹن امدادی اشیاء غزہ روانہ کی جا چکی ہیں۔

امداد کی روانگی کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سفارتی و اخلاقی ذمے داری کے طور پر بھیجی جا رہی ہے۔

Back to top button