پاکستان سٹاک ایکسچینج : ایک لاکھ 36 ہزار پوائنٹس کی نئی تاریخی حد بھی عبور

پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، دوران ٹریڈنگ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس نے ایک ہزار 841 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 36 ہزار کی نئی تاریخی سطح بھی عبور کرلی ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی بھرپور خریداری دیکھی جارہی ہے،خاص طور پر بینکنگ، ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں مثبت سرگرمی ہے،معاشی اشاریوں میں بہتری، آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت اشارے اور روپےکی قدر میں استحکام نے مارکیٹ کو سہارا دیاہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار مالیاتی اصلاحات، حکومتی پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق خبریں خوش آئند سمجھ رہے ہیں،جس کا اثر براہِ راست مارکیٹ کی کارکردگی پر پڑرہا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہاتو سٹاک مارکیٹ مزید ریکارڈ قائم کرسکتی ہے، تاہم سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے اور تکنیکی سطح پر نظر رکھنےکا مشورہ بھی دیا جارہا ہے۔

واضح رہےکہ پچھلے کاروباری ہفتے کے پانچویں روز کے ایس ای 100 انڈیکس 780 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار ایک لاکھ 34 ہزار 562 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔

Back to top button