پاکستان سٹاک مارکیٹ کریش کرگئی

پاکستان سٹاک مارکیٹ بدترین مندی کے باعث کریش کرگئی، جس کے بعد کاروبار معطل ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی شدید مندی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 9453 پوائنٹس کی کمی کے بعد 148,042 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

شدید گراوٹ کے باعث مارکیٹ میں غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی جس پر انتظامیہ نے ٹریڈنگ کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔

مزید مندی کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 9780 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 147,715 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا، جس کے بعد انڈیکس ٹریڈنگ کو روک دیا گیا۔

اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 3133 پوائنٹس کی کمی کے بعد 45,196 پوائنٹس پر آ گیا جبکہ اس میں 6.93 فیصد منفی تبدیلی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعلامیے کے مطابق مارکیٹ میں ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے معطل کیا گیا ہے اور کاروبار دوبارہ صبح 10 بج کر 22 منٹ پر شروع کیا جائے گا۔

Back to top button