پاکستان سٹاک مارکیٹ : ہنڈرڈ انڈیکس 1,37,000 پوائنٹس سے بھی تجاوز کر گیا

پاکستان سٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ہنڈرڈ انڈیکس کی 1,37,000 پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرلی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی حصص بازار میں شاندار تیزی کا رجحان برقرار رہا، اور 1,000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 1,37,727 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر 2,202 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 1,36,502 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو اس وقت کی بلند ترین سطح تھی۔
دو روز مسلسل کی زبردست تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے اور بازار میں مثبت رجحان نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بنیادی وجوہات میں پالیسی کا تسلسل، معاشی اشاریوں میں بہتری، اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردعمل شامل ہیں۔ موجودہ تیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ انڈیکس مزید نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔
