پاکستان علما کونسل کی جانب سے افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر اظہارِ تشویش

پاکستان علما کونسل نے افغان حکومت کے نئے فوجداری ضابطے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان علما کونسل نے افغان حکومت کے احکامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شریعتِ اسلامیہ کے نام پر معاشرے کو غلام اور آزاد میں تقسیم کرنا تشویشناک ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت کے احکامات قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق نہیں بلکہ ہندواتہ تعلیمات سے مشابہت رکھتے ہیں۔
پاکستان علما کونسل کا کہنا ہے کہ افغان طالبان حکومت خود کو شرعی اسلامی حکومت قرار دیتی ہے، لہٰذا اسے ان معاملات پر فوری طور پر دنیا کے سامنے اپنا مؤقف واضح کرنا چاہیے اور عہدِ جاہلیت کے قوانین اور رسومات کو اسلام کے نام پر دوبارہ نافذ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
کونسل کے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اختیار کیے گئے طریقۂ کار سے انسانیت کی توہین اور تذلیل کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔ ایسے احکامات کو شرعی قرار نہیں دیا جا سکتا بلکہ یہ جدید جاہلیت کے دور کی عکاسی کرتے ہیں۔
