پاکستان تیز رفتاری سے آگے بڑھنا چاہتا ہے : وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے اور اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا چاہتا ہے،اس کےلیے نوجوانوں کو مواقع دینا ضروری ہے۔
اسلام آباد میں زرعی شعبے میں تربیت کےلیے ایک ہزار زرعی گریجویٹس میں سے پہلے 300 طلبہ کو چین بھجوانے کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے قوم کی امیدیں وابستہ ہیں، آج ایک اہم دن ہے، جب ہمارے نوجوان زرعی گریجویٹ زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کے حصول کےلیے پاکستان کے سب سے قریبی دوست ملک چین روانہ ہورہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ یہ طلبہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے ہم آہنگ شعبہ جات میں تربیت حاصل کریں گےاور زراعت میں چین کی ترقی اور جدت طرازی سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ میں نے اپنے دورہ چین میں صدر شی جن پنگ کے آبائی علاقے میں واقع زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا، تو حیران رہ گیا، وہاں زراعت کےحوالے سے سہولتوں اور جدت کو دیکھ کر اسی وقت فیصلہ کرلیا تھاکہ ایک ہزار نوجوان پاکستانیوں کو یہاں تربیت کےلیے بھیجنا ہے،چینی صدر نے میری اس درخواست کو منظور کیا، جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کے زرعی گریجویٹس چین کی زرعی شعبے میں کی گئی ترقی کا مشاہدہ کریں گے، اور چین کی زراعت میں ترقی سے استفادہ کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے، ہماری حکومت زرعی شعبے کی استعدادکار بڑھانے کےلیے پر عزم ہے، اس پروگرام کےلیے مختلف محکموں اور اداروں کا اہم کردار ہے، جنہوں نے میرٹ پر چین جانے والے طلبہ کے انتخاب کو ممکن بنایا۔
انہوں نےکہا کہ اس سےقبل کچھ تربیتی پروگرامز میں 45 سے 50 سال کے عمر والے سرکاری افسران شرکت کرتے تھے، تاہم ہم نے نوجوانوں کو موقع دیا کہ وہ چین جاکر زرعی تربیت حاصل کر کے آئیں، سرکاری افسران کا تربیت پر جانا کوئی بری بات نہیں، لیکن جس کا کام اسی کو سانجھے،اب ہمیں نوجوانوں کو مواقع دینے کی ضرورت ہے، تاکہ مستقبل کے معمار پاکستان کو جدید سمت میں زرعی ترقی کی جانب لے جاسکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ چین جانے والے طلبہ میں پاکستان کے تمام صوبوں،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے طلبہ شامل ہیں،انہوں نے طلبہ سے میرٹ کے پیمانے کے حوالے سے سوال کیا تو تقریب میں شریک طلبہ نے زوردار تالیاں بجاکر میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانےکی تائید کی۔
امریکی وفد سے ملاقات ، چیئرمین پی ٹی آئی نےترجمان قومی اسمبلی کے بیان پر ردعمل دے دیا
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کا کوٹہ 10 فیصد زائد رکھا ہے، کیوں کہ جب سے میں خادم اعلیٰ پنجاب تھا، تب سے بلوچستان کے طلبہ کا 10 فیصد زائد کوٹہ رکھتا آرہا ہوں،اسی لیے اس پریکٹس کو ہم نے برقرار رکھا ہے، پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، اسے ہم سب نے مل کر ترقی دینی ہے۔