پاکستان خطے میں امن و استحکام کےلیے ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے : اسحٰق ڈار

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے اسلام آباد میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ اور پائیدار تعلقات موجود ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کےلیے ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے اور دونوں ممالک کئی علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ترک تعاون سے سکول کھولنے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ اور پائیدار تعلقات موجود ہیں، جنہیں مختلف شعبوں میں نئے مواقع تلاش کر کے مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ترکیہ کے وزرائے خارجہ اور دفاع کے حالیہ دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات کی گہرائی کا مظہر قرار دیا۔

اسحٰق ڈار نے واضح کیا کہ دونوں ممالک ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف مشترکہ کمیٹیوں کے ذریعے تعاون کو وسعت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر بات چیت ہوئی ہے اور ستمبر میں پاک-ترک دفاعی کمیٹیوں کا اجلاس متوقع ہے۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے اسحٰق ڈار کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات منفرد اور برادرانہ نوعیت کے ہیں، جنہیں ادارہ جاتی شراکت داری میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حاقان فیدان کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک نے اقتصادی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا ہے، اور اب تیل و گیس کے شعبے میں بھی اشتراک بڑھانے پر کام ہو رہا ہے۔ ترک وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات بھی طے ہے۔

بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

پریس کانفرنس کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور ہر شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

Back to top button