پاکستان چین کے تجربات سے معاشی اور زرعی انقلاب لائےگا،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ پاکستان اورچین سی پیک 2 کی طرف بڑھ رہے ہیں جو گیم چینجر ہے۔ پاکستان چین کے تجربات سے معاشی اور زرعی انقلاب لائےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چائنہ ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے، زراعت ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہے۔
انہوں نےکہا ہے کہ پاکستان چین کے تجربات، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے برسوں کے بجائے مہینوں میں نمایاں ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کے مرحلے سے گزر کر اب پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہو چکی ہے
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے اس شعبے میں کام کر رہے ہیں لیکن اب بھی بہت کچھ کرنا ہے، چین پاکستان کا تاریخی دوست ہے، 2024 میں چین میں بزنس ٹو بزنس فورم کا انعقاد کیا جہاں دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں نے ایم ایو یوز پر دستخط کیے، ان مفاہمتی یادداشتوں کے عملی اطلاق پر کام کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان سے ایک ہزار طلبا کو زراعت کے شعبے میں کام کرنے کے لیے چینی اداروں میں بھیجا، مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان میں زراعت میں پیشرفت پر کام کریں گے۔ چین نے مصنوعی ذہانت، ایکسپورٹس اور ٹیکنالوجی میں بھرپور ترقی کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان ایک خاندان کی طرح ہیں، اور یہ تعلق راتوں رات نہیں بنا ہے، ہم چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستان کے دورے پر دیکھنا چاہتے ہیں، وہ ہمارے سب سے معزز مہمان ہوں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ آج ہماری افراط زر کی شرح ساڑھے 4 فیصد پر ہے، ہماری پالیسی ساڑھے 10 فیصد ہے، ایکسپورٹس بڑھ رہے ہیں اور معاشی اشاریے اب مستحکم ہیں، پاکستان کو کم از کم زراعت میں تجارتی سرپلس میں ہونا چاہیے، چینی ماہرین موجود ہیں جو ہمیں اس ہدف کو حاصل کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
انہوں نے افراط زر میں کمی، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی، برآمدات میں اضافے اور دیگر معاشی اشاریوں میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب پائیدار ترقی کے راستے پر ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں بروئے کار لایا جائے تو معیشت میں تیز رفتار تبدیلی ممکن ہے۔
چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین زرعی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی بہتری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں معاشی ترقی کی شرح 3.71 فیصد تک پہنچ گئی ہے، مہنگائی 4 فیصد پر برقرار ہے، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر ہو چکا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
