پاکستان ایران کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کو پُرامن مقاصد کے لیے جوہری طاقت حاصل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے ۔پاکستان ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسعود پزشکیان بطور صدر پہلی مرتبہ پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہیں۔ ان کے ساتھ باہمی تعلقات، برادرانہ روابط، مذہبی و جغرافیائی امور سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جون میں اسرائیل نے بلاجواز ایران پر جارحیت کی، جس کی پاکستان اور عوام نے بھرپور مذمت کی۔

انہوں نے بتایا کہ آج کے اجلاس کے دوران ایران کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ جلد باقاعدہ معاہدوں میں تبدیل ہوں۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کا ہدف 10 ارب ڈالر مقرر کیا ہے۔

شہباز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو پرامن جوہری توانائی حاصل کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، اور پاکستان اس معاملے میں ایران کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اچھے وقت میں سب ساتھ ہوتے ہیں، لیکن اصل دوست وہ ہوتا ہے جو مشکل وقت میں ساتھ دے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں اور جرنیلوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ کسی بھی شکل میں دہشت گردی ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا اور کہا کہ وہاں تاحال اسرائیلی بربریت جاری ہے، جہاں معصوم نومولود بچوں، خواتین اور نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب دنیا کو غزہ میں جاری مظالم کے خلاف مؤثر آواز بلند کرنی چاہیے اور امن کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھی غزہ سے مختلف نہیں، اور ایرانی قیادت نے فلسطینی عوام کے حق میں مؤثر آواز اٹھائی، جس طرح پاکستان بھی ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہا ہے۔

Back to top button