400 کلو سونے کی چوری میں ملوث پاکستانی کینیڈا میں گرفتار

 

 

 

17 اپریل 2023 کو ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ کے کارگو سیکشن میں ہونے والی فلمی سٹائل کی سونے کی چوری میں ملوث 43 سالہ پاکستانی شہری ارسلان چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ارسلان چوہدری کو تب گرفتار کیا گیا جب وہ دبئی سے ٹورنٹو پہنچا۔ اس پر کینیڈا کی تاریخ کی سب سے 400 کلوگرام سونے کی چوری کے علاوہ کئی دیگر سنگین الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق اب تک اس واردات سے جڑے دس افراد کی شناخت ہو چکی ہے اور ان پر 21 سے زائد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم دو افراد اب بھی مفرور ہیں، جن میں ایک انڈین پنجاب سے تعلق رکھنے والا نوجوان بھی شامل ہے۔ تلاش کے عمل میں شامل دیگر افراد میں 33 سالہ انڈین نژاد سِمرن پریت اور 36 سالہ پرساتھ پرملِنگم شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق سمرن پریت اس وقت بھارت کے پنجاب صوبے میں موجود ہے۔ اس کے علاوہ، ایئر کینیڈا کا سابق ملازم اور کارگو سیکشن کا مینیجر بھی 400 کلو سونے کی چوری کی واردات کے بعد سے فرار ہے۔ ایک اور گرفتار شدہ شخص 54 سالہ پرَمپال سدھو بھی اسی کارگو سیکشن میں ملازم تھا۔

 

پولیس کے مطابق یہ واردات کینیڈا کی تاریخ کی سب سے بڑی چوریوں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس میں 400 کلوگرام سونا اور 25 لاکھ کینیڈین ڈالرز مالیت کی غیر ملکی کرنسی چرائی گئی تھی۔ ہالی وڈ فلم کے سٹائل میں ایک شخص ٹرک لے کر کارگو ایریا میں داخل ہوا اور جعلی ایئر وے بل دکھا کر حکام کو ماموں بناتے ہوئے سونا اپنے ٹرک میں لاد کر نکل گیا۔ کینیڈا پولیس کا کہنا ہے کہ اس واردات میں حاصل کیا گیا کچھ سونا پگھلا دیا گیا جبکہ کچھ ملک سے باہر منتقل ہو چکا ہے، جسے واپس لانا پولیس کے لیے مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ پولیس کچھ ملزمان کی گرفتاری کے باوجود ابھی تک کوئی بڑی رقم یا سونا برآمد نہیں کر پائی۔

 

کینیڈا پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے لیے آپریشن 24 کیریٹ 2023 کا آغاز کیا تھا۔ یہ آپریشن واردات کے تمام پہلوؤں، مشکوک ملزمان اور بیرونِ ملک منتقل کیے جانے والے سونے کی وصولی کے لیے شروع کیا گیا۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک معلومات فراہم کریں تاکہ باقی مفرور ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ یہ واردات تاریخی تناظر میں برطانیہ میں 1983 میں ہونے والی ایک ڈکیتی سے ملتی جلتی ہے، جس میں چھ مسلح افراد لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب برِنکس-میٹ ڈپو میں داخل ہوئے اور 2 کروڑ 60 لاکھ پاؤنڈز مالیت کا سونا لے اڑے۔ آج کے حساب سے اس سونے کی قیمت تقریباً 11 کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ یا 18 کروڑ 80 لاکھ کینیڈین ڈالرز بنتی ہے۔ اس ڈکیتی کے بعد پولیس کو ملزمان تک پہنچنے کے لیے طویل جدوجہد کرنی پڑی، اس دوران اس کیس سے کئی قتل اور خودکشیاں بھی جڑ گئیں۔

 

دوسری جانب کینیڈا پولیس کے مطابق 400 کلو سونے کی چوری کی یہ واردات عالمی سطح پر بڑی چوریوں میں شمار کی جاتی ہے کیونکہ اس میں بڑے پیمانے پر نقدی اور غیر ملکی کرنسی بھی شامل تھی۔

کیا اقرارالحسن کی جماعت اپنا رنگ دکھانے میں کامیاب ہو پائے گی؟

گرفتار پاکستانی شہری ارسلان چوہدری کی گرفتاری اس واردات میں پولیس کے لیے اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس سے سونے کی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے دیگر رکن بھی پکڑے جا سکتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی بڑی رقم یا سونا برآمد نہیں ہوا لیکن تحقیقات جاری ہیں۔ یہ کیس نہ صرف کینیڈا بلکہ بین الاقوامی سطح پر سونے اور نقدی کی سمگلنگ کے خطرات کو اجاگر کرتا ہے اور یہ دکھاتا ہے کہ عالمی ایئرپورٹ سکیورٹی میں کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر کس طرح بڑے جرائم کیے جا سکتے ہیں۔

Back to top button