حلیمہ سلطان کے پاکستانی مداح زیر جامہ پہننے پر ناراض

ڈراموں اور فلموں کے کچھ کردار حقیقت سے اتنے قریب ہو جاتے ہیں کہ مداح ان کے اُسی روپ کو حقیقی تسلیم کر لیتے ہیں، اور پھر ان پر اپنا حق بھی جتلانا شروع کر دیتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی معاملہ مشہور ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنیوالی اداکارہ اسرا بیلگیچ کے ساتھ بھی ہوا۔

ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان سر سے پاؤں تک مکمل لباس میں دکھائی دیتی تھیں، تاہم مسئلہ تب ہوا جب اسرا نے ملبوسات کے ایک معروف برانڈ کے لیے بولڈ فوٹو شوٹ کرواتے ہوئے اپنے جسم کے کچھ حصوں کی نمائش بھی کر دی جس پر انکے پاکستانی مداح آپے سے باہر ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی صارفین کا کہنا تھا کہ چند پیسوں کی خاطر حلیمہ سلطان کا تاریخی کردار ادا کرنے والی اسرا کو زیر جامہ پہنے ہوئے اپنے جسم کی نمائش نہیں کرنی چاہیے تھی۔ یاد رہے کہ اسرا نے حال ہی میں انسٹاگرام پر خواتین کے زیر جامہ تیار کرنے والے دنیا کے ایک معروف برانڈ ’وکٹوریہ سیکریٹ‘ کے لیے شوٹ کرائے گئے اشتہار کی مختصر ویڈیو شیئر کی تھی، جہاں دنیا بھر میں اس ویڈیو کو بڑے شوق سے دیکھا گیا وہیں حلیمہ کو اپنی بہن سمجھنے والے پاکستانی سیخ پا ہوگئے اور انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسرا نے ’وکٹوریہ سیکریٹ‘ کے اشتہار میں انتہائی بولڈ لباس پہنا ہے، ظاہر ہے انہوں نے کمپنی کے زیر جامہ بکوانے تھے۔ اپنی تشہیری ویڈیو میں ’حلیمہ سلطان‘ کو نیم عریاں لباس میں دیکھ کر کئی پاکستانیوں نے تو سوشل میڈیا پر ’توبہ استغفار‘ کے پیغام ڈالنا شروع کر دیئے اور اسرا سے خدا کا خوف کرنے کو کہہ دیا۔

صحافی سے بدتمیزی،سلمان خان کو عدالتی سمن جاری

زیادہ تر پاکستانی صارفین نے لکھا کہ وہ پورا لباس پہن کر بھی پیسے کما سکتی ہیں لہذا اپنے جسم کی نمائش کرکے حلیمہ سلطان کے کردار کی توہین نہ کریں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی مداحوں نے ’حلیمہ سلطان‘ کے بولڈ لباس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر اداکارہ نے نصیحتیں کرنے والوں کو کرارا جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنی حدود بخوبی جانتی ہیں لہذا لوگ ان کے باپ اور بھائی بننے کی کوشش نہ کریں۔

یاد رہے کہ اسرا بلگچ المعروف ’حلیمہ سلطان‘ کو پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ نشر ہونے کے بعد شہرت ملی تھی، جس کے بعد وہ پاکستانی اشتہارات اور برانڈز کی تشہیری مہموں میں بھی دکھائی دیں، نہ صرف اسرا بلگچ بلکہ ’ٓارطغرل غازی‘ کی دیگر کاسٹ کو بھی پاکستان میں ڈراما نشر ہونے کے بعد کافی شہرت ملی تھی۔

Pakistani fans angry over Halima Sultan’s underwear

Back to top button