پاکستانی فلموں کی عالمی فلم فیسٹیولز میں نمایاں کامیابیاں

پاکستانی فلموں کی انٹرنیشنل پلیٹ فارمز پر کامیابی کا سلسلہ جاری ہے، معروف اداکار و ہدایتکار سرمد کھوسٹ کی فلم ’’کملی‘‘، صائم صادق کی فلم ’’جوئے لینڈ‘‘ اور اداکارہ سجل علی کی فلم ’’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘‘ نے موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول ایوارڈز جیت لیے۔
فیسٹیول جیوری کی طرف سے جاری کردہ اعلان کے مطابق فلم ’جوائے لینڈ‘ نے چار ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جن میں بیسٹ انٹرنیشنل فیچر، بیسٹ اسکرین پلے، بیسٹ ساؤنڈ ڈیزائن اور بیسٹ ایکٹر (فیمیل) شامل ہیں۔
سرمد کھوسٹ کی فلم ’کملی‘ کی اداکارہ ثانیہ سعید نے اپنی متاثرکن کارکردگی پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے، ایوارڈ کی برسات میں سجل علی بھی پیچھے نہ رہیں اور جمائما خان کی رومینٹک کامیڈی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کو بیسٹ کاسٹ کا جیوری پرائز ملا ہے۔
کینیڈین فلم فیسٹیول میں کینیڈا، امریکا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان، بنگلا دیش، سری لنکا، نیپال اور کریبین کی فلمیں پیش کی گئی تھیں جس میں جیوری نے بہترین فلموں کا انتخاب کیا، جبکہ اداکاروں کی انفرادی پرفارمنس کو بھی مدنظر رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سرمد کھوسٹ کی فلم ’’کملی‘‘ نے یورپی فلمی میلے آئی ایف ایف کا ایوارڈ بھی حاصل کر رکھا ہے، پاکستانی اداکار اور فلم میکر سرمد کھوسٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے ذریعے اپنی فلم کملی کی ایک اور کامیابی کا اعلان کیا۔
سرمد نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ بلآخر ان کی فلم کملی یورپ کے ایک فلمی میلے آئی ایف ایف آر میں اسکرین کی جائے گی، انہوں نے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ فلم دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑنے میں کامیاب ہوگی۔
فلم کملی میں صبا قمر، نمرہ بچہ ، ثانیہ سعید، حمزہ خواجہ سمیت عمیر رانا نے مرکزی کردار ادا کیا۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھنے والی صائم صادق کی متنازع فلم پاکستان میں تو پابندیوں کا شکار رہی لیکن عالمی فورم پر مخنث افراد کی زندگی پر مبنی کہانی سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے، جوائے لینڈ نے بھی کئی عالمی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔
مخنث افراد کی زندگی کو موضوع بنانے پر فلم کی پنجاب میں نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں فلم کو سینمائوں میں ریلیز کیا گیا۔
