دفاعی معاہدہ کے تحت پاکستان کافوجی دستہ سعودی عرب پہنچ گیا

سعودی عرب کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دو طرفہ سٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت کنگ عبدالعزیز ائیر بیس پہنچ گیا۔
ایکس پر جاری بیان میں سعودی وزارت دفاع نے بتایا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ سٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ مشرقی علاقے میں واقع کنگ عبدالعزیز ائیر بیس پر پہنچ گیا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق یہ پاکستانی دستہ پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی تعاون کو مضبوط بنانا، عملی تیاری کی سطح کو بلند کرنا اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔
خیال رہے کہ ستمبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دارالحکومت ریاض میں باہمی دفاعی معاہدہ طے پایا تھا۔معاہدے میں کہا گیا تھا کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
