پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران 45 سالہ ٹینس سٹاراعصام الحق کا کہنا تھا ’مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ آنسو میرے کیریئر کیلئے ہیں یا بطور صدر چیلنجر کپ کی میزبانی کے لیے ہیں‘۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا تھا کہ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کو اپنے وطن میں لانا ہمیشہ سے ان کا خواب تھا جو بالآخر پورا ہو گیا ہے۔
پی ٹی ایف نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا’ ان کی میراث آنے والے کھلاڑیوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی اور ملک بھر میں ٹینس کے فروغ اور شناخت میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی‘۔
1998 میں پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے اعصام الحق واحد پاکستانی ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2010 کے یو ایس اوپن میں مردوں کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز دونوں کیٹیگریز کے گرینڈ سلیم فائنل میں جگہ بنائی۔
اعصام الحق نے دسمبر 2007 میں سنگلز میں کیریئر کی بہترین عالمی رینکنگ 125 حاصل کی جب کہ جون 2011 میں ڈبلز میں بھارتی ساتھی روہن بوپنا کے ساتھ عالمی نمبر 8 تک پہنچے۔
اے ٹی پی نے رواں ماہ ٹورین میں ہونے والے نِٹو اے ٹی پی فائنلز میں اعصام اور 7دیگر ریٹائرڈ سٹارز کو خراج تحسین پیش کیا۔
