رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی 3.6 فیصد تک محدود رہے گی: آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے مالی سال 2024-25 کے لیے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو کا تخمینہ 3.6 فیصد لگایا ہے، جو کہ حکومت کے مقرر کردہ ہدف 4.2 فیصد سے خاصا کم ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو کا ہدف 4.2 فیصد رکھا تھا، تاہم آئی ایم ایف نے عالمی اقتصادی جائزے (ورلڈ اکنامک آؤٹ لک) کی حالیہ اپ ڈیٹ میں پاکستان کی متوقع ترقی کی رفتار 3.6 فیصد قرار دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 کے دوران پاکستان کی شرح نمو صرف 2.7 فیصد رہی، جو کہ ملکی معیشت کی سست روی کی عکاسی کرتی ہے۔
آئی ایم ایف کی عالمی اقتصادی اپ ڈیٹ میں یہ بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ عالمی معیشت کی ترقی کی رفتار 2025 میں 2.9 فیصد رہنے کا امکان ہے، جو 2026 میں معمولی بہتری کے ساتھ 3.1 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
