پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کا مشکل حالات میں سعودی عرب کیساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مشکل حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت اور ساتھ کھڑے رہنے کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں ملاقات کی، اس دوران پاکستانی قیادت نے مشکل حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے پس منظر میں جدہ میں ہونے والی اس ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نومنتخب ایرانی سپریم لیڈرکاشہداء کے خون کا بدلہ لینےکا اعلان
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنائے جائیں گے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
