پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں امن و استحکام کےلیے ہیں : دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہےکہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں امن و استحکام کےلیے ہیں۔ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کےمطابق دفاعی صلاحیتوں کا حق رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہےکہ اسٹریٹجک پروگرام پر مداخلت ناقابل تصور اور ناممکن ہے،ملک کے سیاسی اور سماجی شعبےمیں اس حوالے سے مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہاکہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی خدشات افسوس ناک ہیں،امریکی الزامات بےبنیاد، غیرمنطقی اور تاریخی حقائق سے عاری ہیں۔
ممتاز زہرہ بلوچ نےکہا کہ 1954 سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات مثبت اور وسیع رہےہیں،بغیر شواہد کے الزامات تعلقات کےلیے نقصان دہ ہیں، پاکستان نےکبھی امریکا کے خلاف بدنیتی کا مظاہرہ نہیں کیا، پاکستان نے ان تعلقات کےلیے بےپناہ قربانیاں دی ہیں۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ پاکستان اب بھی امریکی پالیسیوں کے اثرات کا سامنا کررہا ہے، پاکستان کو مخالف ممالک کےساتھ جوڑنے کی کوشش افسوس ناک ہے، پاکستان کی صلاحیتوں کو کسی ملک کےلیے خطرہ نہ سمجھاجائے۔
پاکستانی میزائل سے امریکا بھی محفوظ نہیں : امریکا
ممتاز زہرہ بلوچ نےکہاکہ مشرقی پڑوسی کی خطرناک میزائل صلاحیتوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے، پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں امن و استحکام کےلیے ہیں۔ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کےمطابق دفاعی صلاحیتوں کا حق رکھتا ہے۔
