پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کو عالمی اعزاز مل گیا

پاکستان کے اولمپک جیولن تھرو چیمپئن ارشد ندیم نے عالمی سطح پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
ارشدندیم کو دبئی میں منعقدہ ورلڈ اسپورٹس سمٹ کے دوران محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل سپورٹس ایوارڈ میں گلوبل بریک تھرو ایتھلیٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ارشد ندیم کو یہ ایوارڈ پیرس اولمپکس میں شاندار اور ریکارڈ ساز کارکردگی پر دیا گیا، جہاں انہوں نے 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔
اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے نہ صرف اولمپک بلکہ عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا، جو اس سے قبل ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈسن کے پاس گزشتہ 16 برس سے موجود تھا۔ یہ کامیابی پاکستان کی جیولن تھرو میں پہلی اولمپک گولڈ میڈل بھی ثابت ہوئی۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ملنے والی اس پہچان سے نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ ملے گا اور ملک میں جیولن تھرو کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل اسپورٹس ایوارڈ کا آغاز 2008 میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد دنیا بھر میں نمایاں کھیلوں کی کامیابیوں اور خدمات کو سراہنا ہے۔
