ہائیکورٹ کا پمز میڈیکل بورڈ کو پرویزالٰہی کے دوبارہ میڈیکل کاحکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پمز میڈیکل بورڈ کو رہنماپی ٹی آئی پرویزالٰہی کی صحت کادوبارہ جائزہ لینے کاحکم دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں چودھری پرویز الہیٰ کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل نہ کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل بورڈ جیل کا دورہ کر کے پرویز الہی کیس کا دوبارہ جائزہ لے۔ہفتے کے روز دورہ کر کے رپورٹ دیں کہ پرویز الہی کو جیل میں رکھا یا ہسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔
پرویز الہی کو جیل میں کیا سہولیات دی جا رہی ہیں؟ عدالت نے جیل حکام سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت کی۔پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور بیٹا راسخ الہی وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا رپورٹ میں کہنا تھاکہ پرویز الٰہی کا جیل میں علاج کیا جا رہا ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہرنےریمارکس دیئے کہ 78سالہ شخص کی کیا حالت ہوگی۔ان کے ساتھ سرکار کیا کررہی ہے؟
سربراہ میڈیکل بورڈ نے کہا کہ پرویز الہی کی طبیعت اب بالکل ٹھیک ہے انہیں واپس جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
فاضل جج نے کہاکہ درخواست گزار کہتے ہیں کہ پہلے وزیرِ صحت کے کہنے پر پرویز الہی کو ہسپتال سے جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔نمائندہ پمز ڈاکٹرنوید نے کہا پرویز الہی کو وزیرِ صحت کے کہنے پر جیل منتقل کرنے کا الزام بےبنیاد ہے۔
