مسافر طیارہ روسی میزائل دفاعی نظام کے باعث تباہ ہوا : آذربائیجان

آذربائیجان کے حکام نے روس کے میزائل دفاعی نظام کو قازقستان میں اپنے مسافر طیارے کی تباہی کی وجہ قرار دےدیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کے اعلیٰ حکام نےجمعرات کو ان کی ان میڈیا رپورٹس کی تصدیق کی ہےجن میں کہا گیا تھاکہ بدھ کو قازقستان کے شہر آقتاؤ کے قریب آذربائیجان ایئرلائنز کا مسافر طیارہ روسی میزائل دفاعی نظام کی وجہ سے تباہ ہوا۔
آذربائیجان کےذرائع ابلاغ نے سرکاری ذرائع کےحوالے سے خبر دی ہےکہ واقعے کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہےکہ پینٹسر میزائل سسٹم نے گروزنی شہر کے قریب پہنچتے ہی طیارے کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کےمطابق روسی الیکٹرانک وار فیئر سسٹم کے استعمال کی وجہ سے طیارے کا مواصلاتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہوگیاتھا جس کےنتیجے میں طیارہ روسی فضائی حدود میں رہتےہوئے ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔
بیان میں کہاگیا ہےکہ طیارہ صرف ریڈار میں اس وقت نظر آیا جب وہ بحیرہ کیسپیئن کے آس پاس کے علاقے میں تھا۔
قازق حکام کےمطابق ایمبریئر 190 طیارے کےحادثے میں 38 افراد جاں بحق جب کہ 29 محفوظ رہےتھے، آذربائیجان اور قازقستان دونوں نےواقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
آذربائیجان ایئرلائنز اور روس کی فیڈرل ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی دونوں کاکہنا ہےکہ ابتدائی نتائج میں پرندوں سے ٹکرانے کو حادثے کی وجہ قرار دیاگیا ہے،تاہم جائے حادثہ کی فوٹیج میں طیارے کی دم میں بڑے سوراخ نظر آرہے ہیں جس سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ اسے مار گرایا گیاہے۔
قبل ازیں جمعرات کو کریملن کےترجمان دمتری پیسکوف نے ان میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کیاتھا جن میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ طیارہ حادثہ ایک حملے کا نتیجہ تھا اور انہوں نے تمام افراد پر زور دیاکہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک انتظار کریں۔
خبر رساں ادارے کےمطابق طیارے کی تباہی کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے آگاہ 4 ذرائع نے بتایا ہےکہ قازقستان میں آذربائیجان ایئرلائنز کے مسافر طیارے کو روسی فضائی دفاعی نظام نے گرایا ہے
فلائٹ J2-8243 بدھ کو قازقستان کے شہر آقتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہوگئی تھی،حادثے سے قبل بدقسمت پرواز نے جنوبی روس کے اس علاقے سے رخ موڑ لیاتھا جہاں ماسکو نے یوکرینی ڈرون حملوں سے بچنے کےلیے فضائی دفاعی نظام نصب کر رکھا ہے۔
بدقسمت طیارہ بحیرہ کیسپیئن کے مخالف ساحل پر گرکر تباہ ہوا تھا جس کے بارے میں روسی ایوی ایشن کے نگراں ادارے نے کہا تھاکہ جہاز سے پرندہ ٹکرانے کے باعث ہنگامی صورت حال پیدا ہوئی تھی۔
یمن پر اسرائیلی بمباری میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ بال بال بچ گئے
حکام نے یہ نہیں بتایا تھا کہ طیارے نے سمندر کیوں عبور کیا،طیارے کی پرواز کے روٹ سے قریب ترین واقع روسی ایئرپورٹ ماخچکالا بدھ کی صبح بند کردیا گیا تھا۔
