پی سی بی کا قومی ویمن کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹرز کیلئےسینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق خواتین کرکٹرز کے نئے کنٹریکٹس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اور مجموعی طور پر 20 کھلاڑیوں کو یہ معاہدے دیے گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق خواتین کھلاڑیوں کو آئندہ ایک سال کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ فراہم کیے گئے ہیں۔ اس بار پہلی مرتبہ ابھرتی ہوئی نوجوان کرکٹرز کے لیے ایمرجنگ کیٹیگری بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں نمبر ون باؤلر سعدیہ اقبال کو کیٹیگری اے میں شامل کیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر 20 کھلاڑیوں کو دیے جانے والے کنٹریکٹس میں 4 کھلاڑیوں کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا، بی میں 3، سی میں ایک، ڈی میں 10 اور ایمرجنگ کیٹیگری میں 2 پلیئرز کو شامل کیا گیا ہے۔

کیٹیگری اے میں کپتان فاطمہ ثنا، منیبہ علی، سعدیہ اقبال اور سدرہ امین جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں ہیں، بی کیٹیگری میں آل راؤنڈر عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور نشرا سندھو شامل ہیں۔

کیٹیگری سی کا کنٹریکٹ رمین شمیم کو ملا جب کہ ڈی کیٹیگری کا گل فیروزہ، نجیہ علوی، ناتالیہ پرویز، عمائمہ سہیل، صدف شمس، سدرہ نواز، عروب شاہ، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر حصہ بن گئی ہیں۔

نوجوان کرکٹرز ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار کو ایمرجنگ کیٹیگری میں موقع دیا گیا ہے۔

Back to top button