شاہین آفریدی اور ٹیم ممبران کے درمیان تنازع کی خبروں پر پی سی بی کاوضاحتی بیان جاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق خبروں پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے ان کی ٹیم ممبران کے ساتھ کسی بھی قسم کی تلخ کلامی کی سختی سے تردید کی ہے۔

پی سی بی کے مطابق، شاہین آفریدی کے حوالے سے کپتان سلمان آغا اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ کسی تنازع یا ناخوشگوار واقعے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹریننگ یا پریکٹس سیشن کے دوران ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افواہوں کا مقصد ٹیم کے ماحول میں انتشار پیدا کرنا ہے، جو کہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ پی سی بی نے ان کوششوں کو ایک منظم کردار کشی مہم قرار دیا ہے۔

پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ان جھوٹی خبروں کو پھیلانے والے افراد یا اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں ہتکِ عزت اور سائبر کرائم قوانین کے تحت دفعات شامل ہوں گی۔ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کرکٹ بورڈ نے میڈیا، عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ ایسی جھوٹی، منفی اور تصدیق کے بغیر پھیلائی جانے والی خبروں سے گریز کریں تاکہ ٹیم کے ماحول اور کارکردگی پر منفی اثر نہ پڑے۔

Back to top button