پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیمز شامل کرنے کا عمل شروع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ٹیموں اور دیگر اثاثوں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس کے بعد آئندہ دس برسوں کے لیے نئی فیس کے ساتھ فرنچائز معاہدوں کی تجدید کی پیشکش تمام اہل پی ایس ایل فرنچائزز کو بھجوا دی گئی ہے۔ ٹیموں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر اپنے فیصلے سے پی ایس ایل مینجمنٹ کو آگاہ کریں۔
فرنچائزز کے دس سالہ معاہدوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے، پی سی بی نے فرنچائز نمائندگان اور چارٹرڈ فرم ای وائی مینا (EY MENA) کے درمیان مشترکہ اور علیحدہ ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا ہے۔
ان سیشنز میں فرنچائز مالکان کو ویلیوایشن کے طریقہ کار کا جائزہ لینے اور اپنے سوالات اٹھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پی سی بی کو ای وائی مینا کی جانب سے دو نئی پی ایس ایل فرنچائزز کی ممکنہ قیمت کے حوالے سے رپورٹس بھی موصول ہو چکی ہیں، جن کی بنیاد پر دونوں ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
جو سرمایہ کار نئی فرنچائز خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، اُن کے لیے جن شہروں کے نام تجویز کیے گئے ہیں ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔
پی سی بی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ منصفانہ، شفاف اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ یہ لیگ پاکستان کرکٹ کی ترقی اور عالمی شناخت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
