PCB کا ملتان سلطانز کی نیلامی کا فیصلہ، اوپن بڈنگ جلد متوقع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان سلطانز کی نیلامی کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ابتدا میں پی ایس ایل 11 کے لیے ملتان سلطانز کے معاملات خود چلانے کا اعلان کیا تھا، تاہم تازہ پیش رفت کے بعد اب ملتان سلطانز کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی پی سی بی کی توقعات سے کہیں بہتر رہی۔ نئی ٹیموں کو اچھی قیمت ملنے کے بعد پی سی بی نے ملتان سلطانز کی آکشن کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی کے مطابق ملتان سلطانز کو فروخت کرنے کے لیے یہ موزوں ترین وقت ہے۔ ٹیم کی اوپن بڈنگ کی جائے گی، جس کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا جبکہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق دو فرنچائزز کی ریکارڈ فروخت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد ملتان سلطانز کو خریدنے کے خواہشمند سامنے آ چکے ہیں، جس کے باعث پی سی بی کو امید ہے کہ ٹیم اچھی قیمت پر فروخت ہو گی۔
واضح رہے کہ حالیہ آکشن میں پی سی بی نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کی ہیں۔ پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں شامل ہوں گی، جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
