ورلڈکپ کیلئے بھارت نہ جانے کا معاملہ، PCB کا بنگلادیش کے حق میں ICC کو خط

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے اپنے خط میں بنگلادیش کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے بھارت میں ورلڈ کپ میچز نہ کھیلنے کے فیصلے کی تائید کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی بورڈ ممبرز کو بھی خط کی کاپی ارسال کی، جس کے بعد آئی سی سی نے اس معاملے پر آج بورڈ میٹنگ طلب کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر غور کیا جائے گا، تاہم آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کے میچز کے وینیو میں تبدیلی کا امکان کم ہے۔ اس دوران پی سی بی نے بنگلادیش کے میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز بھی دی ہے۔

پی سی بی نے بنگلادیش کے اس فیصلے کے باعث ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق فیصلے پر نظرِ ثانی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، اور آئی سی سی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں بھی بنگلادیش اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

Back to top button