پنجاب میں موسلادھار بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 54 ملی میٹر، مری میں 42 ملی میٹر جب کہ نارووال میں 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح منگلا، جہلم، سیالکوٹ، اٹک،گجرات اور رحیم یار خان سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ بارشوں کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز اور صوبائی کنٹرول رومز کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، میانوالی، نارووال، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں آج مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، ندی نالوں میں طغیانی اور مری و دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
