خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں اتوار کی رات سے منگل کے روز تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 سے 27 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی نشاندہی کی ہےجو صوبے کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع بشمول سوات، چترال،اپر و لوئر دیر، شانگلہ، کوہستان اور دیگر علاقے شدید بارش اور بھاری برفباری کا سامنا کرسکتے ہیں،جب کہ نچلے اور میدانی علاقے جیسے پشاور، مردان، ہری پور، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہےکہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں ناران،کاغان،کالام اور چترال کی سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا امکان ہے،لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے کے پیش نظر حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنےاور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں سے درخواست ہے کہ بالائی اور برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
شہریوں کو مشورہ دیاگیا ہےکہ آندھی،گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کسانوں و مویشی پال حضرات فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کےلیے اقدامات کریں۔
شہری مری کے سفر سے گریز کریں : وزیر اطلاعات پنجاب
پی ڈی ایم اے کےمطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہےاور عوام کسی بھی ہنگامی صورت حال یا معلومات کےلیے پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
