بارشوں میں پی ڈی ایم اے کا ہنگامی ریسکیو آپریشن، مکمل تفصیلات جاری

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی نے کہا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں کے دوران پوٹھوہار ریجن میں ایک ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں غیر معمولی بارشوں کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کی گئی، جس کے تحت ضلعی انتظامیہ اور فوجی جوانوں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشنز میں حصہ لیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے باعث پوٹھوہار ریجن کے مختلف علاقوں سے شہریوں کو بروقت نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،103افراد جاں بحق،ایمرجنسی نافذ
انہوں نے بتایا کہ جہلم میں 398 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں سے 174 افراد کو ضلعی انتظامیہ، 64 کو فوجی جوانوں اور 160 شہریوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔
اسی طرح چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں 209 شہریوں کو بچایا گیا، جن میں سے 27 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کیا گیا۔ راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے 450 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ڈی جی عرفان علی نے مزید بتایا کہ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے، لہٰذا شہریوں کو برسات کے موسم میں بھرپور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔
