مسئلہ کشمیرکےحل تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا،اسحقٰ ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نےکہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ دہائیوں پرانے جموں و کشمیر تنازع کا پرامن حل نہ نکل آئے۔

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں انڈو-پیسیفک منسٹریل فورم راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے زور دیا کہ پانی کو تعاون کا ذریعہ ہونا چاہیے اور سیاست کے لیے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے ( انڈس واٹر ٹریٹی) کو معطل کرنے کا غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام خطے میں استحکام کے لیے حقیقی خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ دہائیوں پرانے جموں و کشمیر تنازع کا پرامن حل متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نہ کیا جائے۔

افغانستان کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ملک پاکستان اور خطے کے استحکام کے لیے اہم تعلقات رکھتا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات بھی حالیہ دنوں میں کشیدہ ہوئے ہیں کیونکہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) دونوں ممالک کے درمیان بنیادی وجہ تنازع ہے، پاکستان نے کابل میں حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرحدی دہشت گردی کو روکنے کے لیے کارروائی کریں۔

Back to top button