افغانستان سے بات چیت کے بغیر خیبرپختونخوا میں امن ممکن نہیں: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ افغانستان سے مؤثر مذاکرات کے لیے ایک ایسا جرگہ تشکیل دینا ضروری ہے جس میں وفاق، خیبرپختونخوا حکومت اور قبائلی عمائدین شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر بھی امن جرگے افغانستان سے بات چیت کی سفارش کرتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اعتماد میں لیے بغیر خطے میں دیرپا امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، کیونکہ افغانستان اس عمل میں ایک کلیدی فریق ہے۔
وانا: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2 افرادجاں بحق، 14 زخمی
بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مربوط اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کی قیادت میں مختلف علاقوں میں مقامی جرگوں کا سلسلہ جاری ہے، جو آئندہ ہفتے تک مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان مقامی جرگوں کے بعد ایک گرینڈ جرگہ بلایا جائے گا، جس میں پائیدار امن کے لیے جامع سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
