عوام نے اپوزیشن کی شٹرڈاؤن اور پہیہ جام کی کال ناکام بنادی،امیرمقام

وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کاکہناہے کہ اپوزیشن کی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کی کال ناکام، جعلی بیانیے کا دور ختم ہو چکا۔
پشاور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیرمقام نے کہاکہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی نے عوام کے ذہن بدل دیے اور فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے بہادرانہ فیصلوں نے دشمن کو شکست دی۔پشاور کے عوام نے پی ٹی آئی کے جعلی بیانیے کا جنازہ نکال دیا۔
امیرمقام نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز ملک کی خاطر لازوال قربانیاں دے رہی ہیں اور خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہ کر وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔صوبے کے لوگوں کے امن اور روزگار کے مطالبات کو سراہا اور کہاکہ جعلی بیانیے کا دور ختم ہو چکا ہے، 8 فروری کی ہڑتال پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے دہشتگردی کے خلاف قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سب کو ایک آواز بنانا ہوگی اور اپنے اداروں کو بدنام کرنے سے ملک کی خدمت نہیں ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے قدرتی آفات ہوں یا دہشت گردی کا خاتمہ، ہم ہمیشہ فوج کی مدد لیتے ہیں اور ہماری قوم کا جذبہ بھارت کہاں سے لا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے پشاور کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے جعلی بیانیے کے جنازے نکال دیے اور عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے عوام کی خوشحالی کو نواز شریف اور شہباز شریف کے ایجنڈے کے ساتھ جوڑا اور کہا کہ مسلم لیگ ن ایک بار پھر پشاور کو اپنا مضبوط گڑھ بنائے گی۔
