بسنت پرعوام نے انتشاری ٹولےکی ہڑتال کو مسترد کردیا،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کو یکسر مسترد کر دیا اور انتشاری و فسادی ٹولے کی ہڑتال کی کوشش مکمل طور پر ناکام بنا دی۔
لاہور میں بسنت فیسٹیول کے حوالے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی، لاہور کے عوام بسنت منانے میں مصروف رہے، خصوصاً جین زی نے اس ایونٹ کو انجوائے کیا، جس پر خوشی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ارب پتی لوگوں نے یومیہ اجرت کمانے والوں کو کاروبار بند کرنے کی کال دی، جو دراصل غریب عوام کو نقصان پہنچانے کے لیے تھی، تاہم عوام نے اس کال کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے فساد، جلاؤ گھیراؤ، فتنہ اور بدتہذیبی کے کلچر کو مسترد کرکے مثبت رویے کا انتخاب کیا، جس پر وہ خوش ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ لاہور کے عوام نے ان کے اعتماد کی لاج رکھی اور بسنت کو کامیاب بنانے کا سہرا پنجاب کے عوام کو جاتا ہے۔
ان کے مطابق جین زی نے کھلی فضا میں جا کر خوشی منائی اور بسنت کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کے کلچر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور اس تہوار کو کامیاب بنانے میں عوام نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور اور پنجاب کے عوام نے بسنت کے دوران ایس او پیز کی مکمل پابندی کی، جبکہ بیرون ممالک سے آنے والے مہمانوں نے بھی ایس او پیز کا خیال رکھا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے 3 دن کی بسنت کے بعد لاہور میں خوشیوں کا سماں ہے اور لاہور و پنجاب میں خوشیاں دیکھ کر انہیں دلی مسرت ہوئی۔
