ووٹ ڈالتے ہوئے عوام عمران کی کرپشن اومعاشی تباہی یاد رکھیں
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں عوام ووٹ ڈالتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن اور معاشی تباہی کو یاد رکھیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں شہباز شریف نے کہا عوام اپنا ووٹ ڈالتےہوئے عمران حکومت کے پونے 4سالہ سیاہ دور کی کرپشن،نا اہلی، معاشی تباہی، مافیا کی سہولت کاری و سرپرستی اور تبدیلی کےنام پر برپا کی گئی تباہی کےبارے ضرور سوچیں۔
ضمنی الیکشن کی20 میں سے 16 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کر دیا
ا نہوں نے کہا عوام کا ووٹ ہی ان کی طاقت ہے، اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔ ایک شخص کی اناء، اندازِ سیاست اور نااہلی نے ہمارے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے. اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈالیں. مجھے آپکی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا۔ شہریوں کو مفت ادویات اور طلباء کو وظائف سےمحروم کیا گیا۔ سرکاری آسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خرید و فروخت کی گئی۔ شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پررہی. پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ پنجاب کےلوگوں کی توہین سےکم نہیں۔